بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے عدم تحفظ، بدامنی اور خوف کے ماحول کا شکار ہیں،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ۔۔۔۔۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے صوبے میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، لاپتہ افراد کے مسئلے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں حکومتی اداروں کی ناکامی کے خلاف 26 جولائی کو بلوچستان کو امن دو کے نام سے یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے مطابق جماعت اسلامی کے امرائے اضلاع ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بلوچستان کو امن دو کے عنوان سے احتجاجی مظاہرے، جلسے، ریلیاں اور پریس کانفرنسز کا انعقاد کریں گے، جن میں عوام کے تحفظ، امن و امان کی بحالی اور قانون کی بالادستی کے مطالبات اجاگر کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے عدم تحفظ، بدامنی اور خوف کے ماحول کا شکار ہیں، جبکہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر امن، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی اور بلوچستان کو امن دو احتجاج اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے عوام، تاجروں، وکلا، طلبہ، نوجوانوں، سماجی تنظیموں اور تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ 26 جولائی کے احتجاجی مظاہروں، جلسوں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے بلوچستان میں امن کے قیام اور عوامی حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کوئٹہ کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ اتوار 26 جولائی کو شام 5 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے منعقد ہوگا، جس سے جماعت اسلامی کے صوبائی اور ضلعی قائدین خطاب کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں