جیکب آباد ( انیس جکھرانی) بیگاری کینال کی ٹیل پر پانی نہ پہنچنے کے خلاف آبادگاروں نے گڑھی خیرو میں بیگاری پل پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دے دیا، جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں کو ملانے والی اہم شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی۔ عابد علی جمالی، فراز احمد عمرانی، جاوید احمد جمالی، حاجی مہر دیناری اور ثنائ اللہ جمالی کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج کے دوران مظاہرین نے شامیانے لگا کر روڈ بلاک کر دیا، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
موقع پر موجود رہنماو¿ں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ 19 جولائی گزرنے کے باوجود بیگاری کینال کی ٹیل تک پانی نہیں پہنچ سکا، جس کی وجہ سے کاشتکاروں کی جانب سے لگایا گیا بیجارہ سوکھ کر تباہ ہو چکا ہے، جبکہ دیگر کاشتکار پانی کی عدم دستیابی کے باعث کاشتکاری کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فصل کی کاشت کا سیزن اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، لیکن منتخب نمائندوں کی مجرمانہ خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہ گڑھی خیرو کے مکینوں کو کس بات کی سزا دے رہے ہیں۔ آبادگاروں نے انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ اگر آئندہ دو روز میں پانی کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے جیکب آباد میں دھرنا دیا جائے گا۔
جیکب آباد: پانی کی عدم فراہمی پر آبادگاروں کا گڑھی خیرو میں احتجاج، بیگاری پل پر دھرنا