پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی برقرار، نوٹیفکیشن جاری

کراچی۔۔۔۔۔پٹرولیم ڈویڑن نے پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل پر عائد پٹرولیم لیوی برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے حالیہ قیمتوں میں اضافے کے بعد نئی قیمتوں کا بھی اطلاق کر دیا گیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر 80 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی بدستور برقرار رہے گی۔دوسری جانب حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بھی اعلان کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 242 روپے 33 پیسے تھی۔حکومت اس سے قبل اعلان کر چکی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس کے تحت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور شرح مبادلہ میں ہونے والی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں ردوبدل کیا جا سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں