بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں، عالمی برادری کےلئے گہری تشویش کا باعث ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد ۔۔۔۔۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں، عالمی برادری کے لیے گہری تشویش کا باعث ہیں، پاکستان نے ہمیشہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کے پرامن اور منصفانہ حل کی وکالت کی ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کو یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت کر کے اپنی ذمہ داری پوری کرے،پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ان کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ہفتہ کو یومِ الحاقِ پاکستان پر اپنے پیغام میں صدر زر داری نے کہاکہ آج کا دن جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی جانب سے 19 جولائی 1947 کو منظور کی جانے والی اس تاریخی قرارداد کی یاد میں ہے جو برصغیر کی تاریخ کے ایک فیصلہ کن موڑ پر جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی سیاسی امنگوں کی آئینہ دار بنی۔انہوںنے کہاکہ یہ دن ہمیں پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے مابین گہرے تاریخی، ثقافتی اور روحانی رشتوں کی یاد دلاتا ہے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں کشمیری عوام کی آزادانہ مرضی کا احترام کرنے کی اہمیت کا بھی اعادہ کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے، جموں و کشمیر کا تنازع اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے باوجود، جن میں جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے، حل نہیں ہو،سکا،اس بنیادی حق کا مسلسل انکار اور بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں، عالمی برادری کے لیے گہری تشویش کا باعث ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس تنازعہ کے پرامن اور منصفانہ حل کی وکالت کی ہے۔ ہم عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کو یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت کر کے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔انہوںنے کہاکہ میں جموں و کشمیر کے عوام کے حوصلے اور پختہ عزم کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ان کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوںنے کہاکہ امید ہے یہ دن جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کو نئی جلا بخشے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں