لسبیلہ(خ ن)ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے سب تحصیل لیاری میں قائم بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرکز کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کے تحت تعمیر کیے گئے بنیادی مرکز صحت کے اضافی کمروں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کی نمایاں بات یہ رہی کہ ڈپٹی کمشنر حمیرا بلوچ نے خواتین کی حوصلہ افزائی اور صحت کے شعبے میں ان کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے مرکز کی لیڈی ہیلتھ وزیٹر (LHV) کے ہاتھوں فیتہ کٹوا کر اضافی کمروں کا افتتاح کرایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے کہا کہ BSDI کے تحت تعمیر کیے گئے اضافی کمروں سے بنیادی مرکز صحت کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں علاقے کے عوام کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے کی بہتری، عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے مراکز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے بی ایچ یو اور ریسکیو 1122 کے عملے سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی، خدمات اور درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر (PPHI) ڈاکٹر ملک منصور نے بنیادی مرکز صحت میں جاری طبی سرگرمیوں، عملے کی حاضری، دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر حمیرا بلوچ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال آنے والے مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آیا جائے، ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور طبی خدمات کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران مقامی عمائدین اور علاقہ مکینوں نے بھی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں علاقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سراج احمد بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید فریداللہ شاہ ہاشمی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عمران، ڈسٹرکٹ منیجر (PPHI) ڈاکٹر ملک منصور، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر منیر بلوچ، ایس ڈی او بی اینڈ آر بلڈنگ عبداللطیف، عمران ستار کھوسہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
لسبیلہ ،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کی (بی ایچ یو) کا دورہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل