پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ‘2050تک 40کروڑتک پہنچنے کا خدشہ

لاہور:پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے، جبکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر آبادی میں اضافے کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو 2050 تک ملک کی آبادی 40 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں آبادی کی سالانہ شرح نمو 2.5 فیصد ہے جبکہ ایک ماں کی زچگی کی اوسطا شرح 3.6 فیصد ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی آبادی کے باعث تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولتوں پر دبا میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ماہرین کے مطابق آبادی میں اضافے کی شرح کو 1.2 فیصد اور شرح پیدائش کو 2 سے کم لانا ناگزیر ہے۔ ہر سال تقریباً 11 ہزار مائیں دورانِ حمل یا زچگی جان کی بازی ہار جاتی ہیں، جس پر قابو پانا ضروری ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک کی تقریباً نصف آبادی معیاری طبی سہولتوں سے محروم ہے، 16 فیصد افراد کو مناسب خوراک میسر نہیں، جبکہ ڈھائی کروڑ بچے اب بھی سکولوں سے باہر ہیں۔ماہرین کے مطابق اگر آبادی میں اضافہ اسی رفتار سے جاری رہا تو 2050 تک ملک کو 66 ہزار نئے سکول، 6 لاکھ 79 ہزار اساتذہ، تقریباً ساڑھے 6 کروڑ نئی ملازمتیں اور 2 لاکھ سے زائد اضافی لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ضرورت ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں