نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں،آصف علی زرداری،شہباز شریف

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر پیغام میں کہاہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں لہٰذا نوجوانوں کی تعلیم، ہنر اور روزگار پر سرمایہ کاری قومی ترقی کی ضمانت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ زچہ و بچہ کی صحت اور غذائیت پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے، خواتین کو بااختیار بنائے بغیر قومی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کے حقوق اور بااختیار بنانے کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ آبادی اور ترقی کا باہمی تعلق ناگزیر ہے، تعلیم اور صحت میں سرمایہ کاری ضروری ہے، حکومت، پارلیمنٹ، سول سوسائٹی، علما، میڈیا اور تمام ادارے مشترکہ کردار ادا کریں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آبادیاتی صلاحیت کو قومی خوشحالی اور انسانی ترقی میں تبدیل کرنا ہوگا، ہر شہری کو وقار، صحت اور مساوی مواقع کی فراہمی ہمارا مشترکہ قومی عزم ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان آبادی کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے ذمہ دارانہ منصوبہ بندی کے عزم کی تجدید کرتا ہے جبکہ وسائل سے ہم آہنگ آبادی ہی خوشحال معاشرے اور منصفانہ ترقی کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی یومِ آبادی نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا کے عنوان سے منایا جا رہا ہے جو اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک کے روشن مستقبل میں نوجوان کلیدی کردار رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، پارلیمنٹ، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبے، علمائ، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریوں سے اپیل کی کہ وہ آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لئے مشترکہ کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں