کراچی (پ ر) سول سوسائٹی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین محمد سعید راجپوت نے مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے اپیل کی ہے کہ شاہ فیصل کالونی کے برساتی نالوں کی ناقص صفائی کا فوری نوٹس لیا جائے، کیونکہ مون سون کا موسم شروع ہوچکا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے صفائی کے انتظامات انتہائی غیر تسلی بخش ہیں۔ انہوں نے یہ اپیل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور مقامی شہریوں کی شکایات کے تناظر میں اپنے بیان میں کی۔سعید راجپوت نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی کے دونوں بڑے برساتی نالے عرصہ دراز سے انتظامی غفلت کا شکار ہیں۔ نالوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، ملبہ اور دیگر رکاوٹیں موجود ہیں، جس کے باعث برساتی پانی کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر مون سون میں شاہ فیصل کالونی کے متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آجاتے ہیں اور شہریوں کو مالی و جانی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی مکینوں کے مطابق دونوں برساتی نالوں میں متعدد مقامات پر غیرقانونی طور پر سیوریج کے کنکشن دیے گئے ہیں، جبکہ کئی مقامات پر نالے مکمل یا جزوی طور پر بند ہوچکے ہیں۔ نتیجتاً بارش کا پانی نکاسی نہ ہونے کے باعث رہائشی علاقوں اور گھروں میں داخل ہوجاتا ہے، جبکہ سیوریج کا گندا پانی بھی لوگوں کے گھروں تک پہنچ کر صحتِ عامہ کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتا ہے۔چیئرمین سول سوسائٹی ایسوسی ایشن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے ہر سال مون سون سے قبل نالوں کی مکمل صفائی کے دعوے تو کرتے ہیں، لیکن عملی طور پر صرف چند مقامات پر نمائشی صفائی اور فوٹو سیشن تک محدود رہتے ہیں۔ نالوں کے اصل چوک پوائنٹس کو صاف کرنے کے بجائے خانہ پری کی جاتی ہے، اور جب بارش کے بعد علاقے زیرِ آب آجاتے ہیں تو اس کا ذمہ دار غیرمعمولی بارش کو قرار دے دیا جاتا ہے۔انہوں نے مئیر کراچی، متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کیا کہ شاہ فیصل کالونی کے دونوں برساتی نالوں کی مکمل ڈی سلٹنگ، تمام چوک پوائنٹس کی مستقل بنیادوں پر صفائی، غیرقانونی سیوریج کنکشنز کا خاتمہ اور نکاسی آب کے نظام کی م¶ثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو بار بار درپیش مشکلات سے نجات دلائی جاسکے۔
شاہ فیصل کالونی کے برساتی نالے کچرے کے ڈھیر بن گئے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل