پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، کورکمانڈرز

راولپنڈی :چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے۔کورکمانڈرز نے واضح کیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو بغیر کسی پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا۔اس عزم کا اظہارفیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا گیا۔ جس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی، سرحدی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، علاقائی استحکام اور قومی دفاع سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کانفرنس کے آغاز میں وطن عزیز کے دفاع کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداءکی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی قربانیوں کی مقروض رہے گی۔شرکاءنے افغان طالبان رجیم کے زیرِ تسلط علاقوں سے پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی اور ان علاقوں کے مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کانفرنس نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغان طالبان کے زیرِ تسلط علاقوں کو بھارتی پراکسیوں اور دہشت گرد عناصر کے استعمال سے پاک نہیں کیا جاتا۔فورم نے زور دیا کہ افغان طالبان رجیم کی خودساختہ قیادت کی ذمہ داری ہے کہ ان کے زیرِ تسلط علاقے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہوں۔ شرکاءنے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف دفاع کا مکمل اور جائز حق محفوظ رکھتا ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج آپریشن “غضب للحق” کے تحت افغان طالبان کے زیرِ قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گرد سرگرمیوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔کانفرنس میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مو¿ثر اور بہترین طرزِ حکمرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاءنے کہا کہ ایسا مضبوط انتظامی ڈھانچہ قائم کیا جائے جو عوامی خدمت، ترقی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سیاسی سرپرستی میں پنپنے والے دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو بھی توڑ سکے۔فورم نے کہا کہ “معرکہ حق” میں دشمن کو عبرتناک شکست کے بعد مخالف عناصر ہائبرڈ وارفیئر، جھوٹے بیانیوں اور بیرونی مدد سے پاکستان میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی ہر سازش اور فتنے کو پوری قوت اور بلاامتیاز کچل دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں