عالمی امن کیلئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتہائی اہم ہے،ترک صدر

عالمی امن کیلئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتہائی اہم ہے،ترک صدر

استنبول۔۔۔۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ عالمی امن کیلئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتہائی اہم ہے امن اور خوشحالی کیلئے کوششوں کی ہمیشہ حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں،ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے، خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے متعلقہ وزارتیں قریبی روابط جاری رکھیں گے جبکہ و زیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ صدر اردوان کی مخلصانہ حمایت سے پاکستان کو ثالثی کا کردار ملا،پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان قلبی تعلق ہے، جنگ ہو یا قدرتی آفات ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، مظفر گڑھ اور سیلاب سے متاثرہ دوسرے علاقوں میں ترکیہ کی مدد تاریخ کا حصہ ہے، زلزلہ زدہ علاقوں میں سماجی اور معاشی ترقی کیلئے ترکیہ کے تعاون کے مشکور ہیں۔ہفتہ کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کا سرکاری استقبالیہ دیا ۔دونوں ممالک کے رہنماﺅں کے درمیان ملاقات کے بعد ترک صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے لازوال رشتے کی ایک تاریخ ہے، اس منفرد اور تاریخی تعلق کی بنیاد ترکیہ کی جنگ آزادی کے دوران رکھی گئی۔شہباز شریف نے کہا کہ علی برادران کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ترکیہ کی جدوجہد کی حمایت کی، ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔انہوںنے کہاکہ صدر رجب طیب اردوان کی مخلصانہ حمایت سے پاکستان کو ثالثی کے کردار کا موقع ملا، کٹھن سفارتی مشن ہرگز آسان نہ تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں ہم نے خلوص نیت سے کوششیں کیں، اب ضروری ہے کہ امن کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اللہ کے فضل سے جنگ بندی ہوگئی۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستانی وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوں پر بات چیت کی گئی اور تعلقات کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ترکیہ کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ہر مشکل وقت میں باہمی تعاون جاری رہے گا۔رجب طبیب اردوان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو عالمی امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔انہوںنے پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر شعبے میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ترکیہ کے صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں اور معاہدوں کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش، بشمول اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں پیش رفت، پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیاسی، معاشی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں