ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان، فی یونٹ 82 پیسے اضافے کی درخواست
کراچی ۔۔۔۔کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک بار پھر بجلی مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے)نے مئی 2026 کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)میں جمع کرا دی ہے۔نیپرا ذرائع کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر اتھارٹی کل سماعت کرے گی، جس کے دوران پیش کیے گئے اعداد و شمار اور پیداواری لاگت کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین پر تقریبا 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2026 کے دوران مجموعی طور پر 12 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔ اس عرصے میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ریفرنس فیول لاگت 8 روپے 43 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، جس کے باعث 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی ضرورت پیش آئی۔سی پی پی اے کے مطابق مئی کے دوران بجلی کی پیداوار میں مختلف ذرائع کا حصہ بھی سامنے آیا، جس میں پانی سے 33.27 فیصد، مقامی کوئلے سے 11.66 فیصد، درآمدی کوئلے سے 13.54 فیصد، مقامی گیس سے 8.31 فیصد اور فرنس آئل سے 0.16 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔نیپرا درخواست پر تمام تکنیکی اور مالیاتی پہلوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔ منظوری کی صورت میں اضافی وصولی آئندہ بجلی کے بلوں میں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی جائے گی، تاہم اس کا اطلاق نیپرا کے حتمی فیصلے اور قابلِ اطلاق صارفین کی کیٹیگریز کے مطابق ہوگا۔