کوئٹہ۔۔۔۔۔عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے ضلع کوئٹہ کے 20 منتخب سرکاری سکولوں میں سکول بہتری منصوبے کے تحت گرانٹ چیکس کی تقسیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے فروغ، سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور بچوں کو معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن بلوچستان حاجی لعل جان جعفر کی تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے سکولوں کی بہتری، تعلیمی معیار میں اضافے اور سرکاری تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ پروفیسر حلیم صادق نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ بلوچستان جیسے صوبے میں سرکاری تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، سکولوں میں سہولیات فراہم کرنا اور اساتذہ و والدین کو تعلیمی عمل میں شریک کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات صوبے کے مستقبل پر مثبت اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔انہوں نے یونیسف اور گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی منصوبوں کے لیے مالی معاونت اسی صورت میں زیادہ مثر ثابت ہوسکتی ہے جب گرانٹس شفاف انداز میں خرچ ہوں اور ان کے نتائج براہِ راست طلبہ کی تعلیمی بہتری کی صورت میں سامنے آئیں۔پروفیسر حلیم صادق نے امید ظاہر کی کہ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن بلوچستان حاجی لعل جان جعفر کی قیادت میں محکمہ تعلیم سرکاری سکولوں کی بہتری، تعلیمی سہولیات میں اضافے اور شرحِ تعلیم بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
تعلیم کے فروغ کے لیے خصوصی گرانٹس کی تقسیم خوش آئند اقدام ہے،پروفیسر حلیم صادق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل