متنازع قانون سازی سے گریز کیا جائے، جلد بازی میں مزید بحران پیدا ہو سکتا ہے،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد۔۔۔۔۔پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ متنازع قانون سازی سے گریز کیا جائے، جلد بازی میں قانون سازی سے مزید بحران پیدا ہو سکتا ہے۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی مرضی کے بغیر صوبوں کی تقسیم نہیں ہونی چاہیے، نئے صوبے بنانے کا فیصلہ عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے، صوبوں کے معاملے پر قومی اتفاقِ رائے ضروری ہے۔بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 8 گھنٹے جاری رہا جس میں 70 ایم این ایز اور سینیٹرز نے شرکت کی، 28 ویں ترمیم ایجنڈے میں شامل تھی نہ اس پر بحث ہوئی، 28 ویں ترمیم پر کوئی فیصلہ یا تجویز سامنے نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے قیادت پر متفقہ اعتماد کا اظہار کیا اور قیادت کے کردار کو سراہا، پارلیمانی پارٹی نے سہیل آفریدی کے کردار کو بھی سراہا جبکہ دونوں اپوزیشن لیڈرز کی قیادت پر بھی اعتماد کا اظہار کیا گیا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کی پارلیمانی پارٹی نے شدید مذمت کی، گورنر راج سے پیدا ہونے والے خلا پر بھی اجلاس میں غور ہوا، پارلیمانی پارٹی اس خلا کو پر کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرے گی، پارلیمانی پارٹی کی سفارشات دونوں اپوزیشن لیڈرز کو بھجوا دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں