اسلام آباد۔۔۔۔۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث شہری فیول سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں، 15ستمبر سے اب تک 75لاکھ سے زائد افراد کا ریلیف سکیم سے فائدہ اٹھانا باعث اطمینان ہے۔جمعرات کووزیراعظم کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہیں اسکیم پر عملدرآمد اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراءاحد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، اب تک 84لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جبکہ 75لاکھ سے زائد شہری اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی کے آغاز سے اب تک جاری کیے گئے ایک کروڑ 22لاکھ ٹوکنز میں سے ایک کروڑ 3لاکھ ٹوکنز استعمال ہوچکے ہیں،15ستمبر سے شروع ہونے والی اسکیم اب تیسرے ہفتے میں داخل ہورہی ہے، جبکہ پہلی اور دوسری مرتبہ فیول سبسڈی حاصل کرنے والے شہری اگلے ہفتے کی سبسڈی بھی حاصل کرسکیں گے۔وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی پٹرولیم قیمتوں کے تناظر میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم پوری حکومتی مشینری کے موثر، مربوط تعاون اور مشترکہ کاوشوں کی بہترین مثال ہے۔شہباز شریف نے فیول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد میں پوری حکومتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور نائب وزیراعظم، وزیر آئی ٹی، وزیر اطلاعات، وزیر اقتصادی امور، وزیر خزانہ، اوگرا سمیت اسکیم سے منسلک تمام وفاقی و صوبائی حکام کی کاوشوں کی تعریف کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے 129اضلاع میں پیٹرول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد جاری ہے اور تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو اسکیم کے تحت سہولت فراہم کررہے ہیں۔بریفنگ کے مطابق شہریوں اور پیٹرول پمپس مالکان کی رہنمائی کےلئے 24گھنٹے فعال کال سینٹر قائم ہے، جبکہ وزیراعظم آفس کا پبلک افیئرز یونٹ اور عوامی نمائندے شہریوں کی رجسٹریشن میں معاونت کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے تیار ہونے والا مستحکم ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی شہریوں کی معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
فیول سبسڈی سکیم سے 75لاکھ سے زائد شہری مستفید، وزیراعظم نے حکومتی اقدامات کو سراہا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل