مغربی بائی پاس، سریاب روڈ لنک روڈ پر موسی کالونی کے پل کو نشئیوں نے توڑ دیا
کوئٹہ۔۔۔۔مغربی بائی پاس کو سریاب روڈ سے ملانے والے لنک روڈ پر واقع موسی کالونی کے اہم پل کو منشیات کے عادی افراد (نشیوں) نے توڑ پھوڑ کا نشانہ بنا کر شدید نقصان پہنچایا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق، پل کے نیچے ڈیرے جمائے نشئیوں اور ہیروئنچیوں نے پل کے اکثر پلر(ستون) توڑ کر ان کے اندر موجود قیمتی لوہے کا سریا نکال کر فروخت کر دیا ہے، جس کے باعث پل کے حفاظتی ستون اب بالکل ناکارہ ہو چکے ہیں۔موسی کالونی اور گردونواح کے مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پل علاقے میں آمد و رفت کا ایک بڑا اور اہم ذریعہ ہے جس پر سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں اور پیدل لوگ گزرتے ہیں۔ ستونوں سے سریا نکالے جانے کے بعد پل انتہائی کمزور ہو چکا ہے اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے جس سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔ اہل علاقہ نے کمشنر کوئٹہ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے اعلی حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں، پل کے نیچے سے منشیات کے عادی افراد کے ڈیروں کا خاتمہ کیا جائے اور پل کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کروا کر شہریوں کو ممکنہ حادثے سے بچایا جائے۔