محرم الحرام اور یومِ عاشور کے موقع پر حکومتِ بلوچستان کا 25 اور 26 جون کو عام تعطیل کا اعلان ‘نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ حکومتِ بلوچستان کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) نے محرم الحرام اور یومِ عاشور کے مذہبی و تاریخی احترام کے سلسلے میں صوبے بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ملک بھر کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی 9 ویں اور 10 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے 25 اور 26 جون(بمطابق جمعرات اور جمعہ)کو عام تعطیل ہوگی۔اس نوٹیفکیشن کے بعد صوبے کے تمام سرکاری، نیم سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور ماتحت عدالتیں جمعرات اور جمعہ کو بند رہیں گی، تاہم امن و امان کے قیام، سیکیورٹی کے انتظامات اور ہنگامی خدمات پر مامور اداروں کے اہلکار اور دفاتر ان تعطیلات سے مستثنی ہوں گے تاکہ یومِ عاشور کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکیورٹی اور بلاتعطل بلدیاتی و طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں