تمام محکموں کے سربراہان اور ڈی ڈی اوز سرکاری ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں ، تابش علی بلوچ

تربت(خ ن)ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ کی زیرِ صدارت ضلع کیچ کے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی اوز) کا اجلاس منعقد ہوا. جس میں ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر کیچ صدام بلوچ سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر صدام بلوچ نے شرکا ءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان کی واضح ہدایات کے مطابق تمام ڈی ڈی اوز ہر ماہ کی 15 تاریخ تک اپنے محکموں میں حاضر سروس ملازمین کی تحریری فہرست متعلقہ خزانہ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہیں تاکہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ نے تمام محکموں کے سربراہان اور ڈی ڈی اوز پر زور دیا کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور ملازمین کی حاضری سے متعلق درست اور مکمل ریکارڈ مقررہ تاریخ تک خزانہ آفس میں جمع کروائیں انہوں نے کہا کہ سرکاری امور میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ نے مزید واضح کیا کہ مقررہ وقت کے اندر حاضر سروس ملازمین کی فہرستیں جمع نہ کروانے کی صورت میں متعلقہ ڈی ڈی اوز ذمہ دار ہوں گے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اس عمل کو سنجیدگی سے لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی انتظامی غفلت یا تاخیر کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کا عمل متاثر نہ ہو دوسری جانب ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر نے بھی آگاہ کیا کہ مقررہ مدت میں فہرستیں جمع نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی روکنے کی کارروائی کی جا سکتی ہے جس کی ذمہ داری متعلقہ محکمے کے سربراہ یا ڈی ڈی او پر عائد ہوگی۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سرکاری ہدایات پر مو¿ثر عمل درآمد، ملازمین کے ریکارڈ کی درستگی اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے کام کریں گے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی انتظامی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں غفلت سے گریز کریں اور مقررہ ضابطہ کار کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں