راولپنڈی /اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں چار دہشتگرد مارے گئے ، پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جام شہادت نوش کیا جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر وجاہت وحید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کےلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ،قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے، دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا جس میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آئی ای ڈی کے دھماکے میں میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا، جن کی عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے، سیکیورٹی فورسز نے جتک آباد میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں چار دہشتگرد مارے گئے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل