خواتین کی صحت کا تحفظ حکومتی ذمہ داری ہے‘ وزیراعلیٰ

کوئٹہ : وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ بریسٹ کینسر کے خلاف موثر جدوجہد کے لئے عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صحت کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لئے موثر آگاہی مہم اور طبی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں، اس لئے خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں اور جسم میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں مستند معالج سے فوری طبی مشورہ حاصل کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ بیماری کی علامات کو نظر انداز کرنے کی بجائے بروقت طبی معائنہ اور مناسب علاج کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق خوف، غلط فہمیوں اور سماجی جھجک کو ختم کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلانا ضروری ہے تاکہ خواتین بلاخوف اپنی صحت کے مسائل پر بات کر سکیں اور بروقت طبی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔وزیراعلیٰ نے اس امر پر زور دیا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین تک بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کی رسائی بہتر بنائی جائے تاکہ تمام خواتین کو بروقت تشخیص اور علاج کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں