پاکستان خطے میں امن کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرے، سید امان شاہ

کوئٹہ(یو این اے) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صدر سید امان شاہ نے خلیج اور مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں جنگی صورتحال اور توانائی کی تنصیبات کو لاحق خطرات پاکستان کی معیشت کیلئے سنگین مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔ پاکستان اپنی تیل کی ضروریات کا بڑا حصہ درآمد کرتا ہے، ایسے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ملکی معیشت، روپے کی قدر، مہنگائی اور عوام کی قوتِ خرید پر براہِ راست اثر انداز ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دبا جیسے مسائل کا سامنا کررہا ہے، اس لیے حکومت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنی چاہئیں اور ممکنہ معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئے مثر حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔ پاکستان کسی نئی جنگ یا علاقائی تنازعے کے معاشی نقصانات برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ سید امان شاہ نے کہا کہ ایران سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ قانونی سرحدی تجارت میں تعطل تاجروں، مزدوروں اور سرحدی علاقوں کے عوام کیلئے مشکلات پیدا کرتا ہے۔ حکومت کو قومی سلامتی اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تجارت کو منظم، محفوظ اور آسان بنانے کے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ مقامی روزگار اور معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں امن کے قیام، مذاکرات کے فروغ اور اقتصادی تعاون کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ توانائی کے متبادل ذرائع، تجارتی روابط میں توسیع اور معاشی خودانحصاری پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسیع تر قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ خارجہ پالیسی میں امن، علاقائی استحکام، تجارت اور عوامی معاشی تحفظ کو ترجیح دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں