کوئٹہ…… رکن بلوچستان اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما میر عبید اللہ گورگیج نے 18 اکتوبر سانحہ کارساز کے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک دردناک اور ناقابلِ فراموش واقعہ ہے، جس میں جمہوریت، عوامی حقوق اور ملک میں جمہوری نظام کے استحکام کے لیے جدوجہد کرنے والے بے شمار کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007ءکو محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر کراچی میں پیش آنے والے سانحے نے پوری قوم کو غمزدہ کردیا تھا۔ اس المناک واقعے میں شہید ہونے والے کارکنوں کی قربانیاں پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ اور جمہوریت کی جدوجہد کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری، عوامی حقوق اور مساوات کے لیے جدوجہد کی ہے۔ پارٹی قیادت اور کارکنوں نے جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہداءکی جدوجہد آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ جمہوریت کے استحکام، امن اور عوام کی خوشحالی کے لیے اتحاد، برداشت اور ثابت قدمی ضروری ہے۔ ہمیں شہدا کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک ایسے پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے جہاں آئین و قانون کی حکمرانی ہو، عوام کو بنیادی حقوق حاصل ہوں اور جمہوری ادارے مضبوط ہوں۔ میر عبید اللہ گورگیج نے سانحہ کارساز کے تمام شہداءکو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہدائکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور جمہوریت کے تحفظ، عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
سانحہ کارساز کے شہداءکی قربانیاں ناقابلِ فراموش باب ہیں،میر عبید اللہ گورگیج
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل