جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں پیش رفت

تربت(پ ر)جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان 2026-2030 پر عملدرآمد کے سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے پچھلے دنوں کراچی میں اعلیٰ تعلیمی، تحقیقی اور ریگولیٹری اداروں کے سربراہان سے اہم سائیڈ لائن ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد اس ریجن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس(AI)، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پیرامیڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم کرنا تھا۔ اپنے دورے کے دوران وائس چانسلر نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (PNMC) کے صدر ڈاکٹر سید علی فرحان رضی سے ملاقات کی، جس میں اس ریجن میں جامعہ تربت کے زیر انتظام یونیورسٹی میڈیکل اینڈ نرسنگ کالج کے قیام کے لیے ریگولیٹری فریم ورک اور قانونی قواعد و ضوابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ خطے سمیت ملک بھر میں طبی و الائیڈ ہیلتھ کے شعبے سے وابستہ ماہرین و ٹیکنیشنز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اس ریجن میں ایک معیاری اور مستند نرسنگ اینڈ الائیڈ ھیلتھ کالج کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ صدر پی این ایم سی نے جامعہ تربت کے اس وڑن کو سراہتے ہوئے ایکریڈیٹیشن، نصاب کی تیاری اور کلینیکل ٹریننگ سمیت تمام متعلقہ امور میں کونسل کی جانب سے مکمل تعاون اور فنی رہنمائی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں وائس چانسلر نے ملینیئم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ (MiTE) اور جامعہ کراچی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ممتاز ماہرین تعلیم اور ایچ ای سی کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میںMiTEکی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، تھل یونیورسٹی بھکر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، ڈائریکٹر جنرل کیو اے اے (ایچ ای سی) ڈاکٹر ناصر شاہ، ڈی جی ایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی سلیمان احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ثنائ اللہ میمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران تدریسی و تحقیقی تعاون کو وسعت دینے، اساتذہ و طلبائ کے سمسٹر ایکسچینج پروگرامز، طلبائ کے لیے انٹرنشپ کے مواقع، مشترکہ تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت، قومی و بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد اور فیکلٹی و انتظامی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ورکشاپس کے انعقاد پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پرMiTEکی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی نے جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کو ادارے کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی، جس پر وائس چانسلر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں