دکانداراپنا کاروباری سامان اور سرگرمیاں نئی تعمیر شدہ دکانوں میں منتقل کریں، ندیم اقبال بنگلزئی

تربت(خ ن)ڈپٹی کمشنر کیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اقبال بنگلزئی کی زیرِ نگرانی سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری سڑک کی توسیع کے منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں متعلقہ حکام نے موقع کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر اور سپرنٹنڈنٹ حضور بخش بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران سڑک کی توسیع کے لیے مختص جگہ پر قائم تجاوزات اور دیگر رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے انہدامی کارروائی عمل میں لائی گئی میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ عملے نے موقع پر موجود تجاوزات ختم کیں تاکہ سڑک کی توسیع کا کام مقررہ منصوبے کے مطابق آگے بڑھایا جا سکے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اقبال بنگلزئی نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کاروباری سامان اور سرگرمیاں نئی تعمیر شدہ دکانوں میں منتقل کریں اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سٹی پراجیکٹ کے تحت سڑک کی توسیع شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے اہمیت کی حامل ہے انہوں نے متعلقہ دکانداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی مفاد میں جاری ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں