ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت، تاخیر یا ناقص اور غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، عبدالقدوس اچکزئی

زیارت (خ ن) ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی زیرِ صدارت بی ایس ڈی آئی فیز ٹو اور فیز تھری کی ترقیاتی سکیمات کے حوالے سے اجلاس، منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت۔ ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی زیرِ صدارت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) فیز ٹو اور فیز تھری کے تحت جاری ترقیاتی سکیمات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل و ونگ کمانڈر 155 ونگ کرنل زیشان، میجر عامر، ایکسین ایریگیشن عمیر علی، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) تیمور آغا، چیف آفیسر غلام مصطفیٰ، لائن سپرنٹنڈنٹ کیسکو اسرار احمد اور خدائے نور سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر زیارت کو بی ایس ڈی آئی فیز ٹو اور فیز تھری کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، پیش رفت اور تکمیل کے مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت شامل تمام ترقیاتی سکیمات کامیابی کے ساتھ تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، جبکہ فیز تھری کی سکیمات کے ٹینڈرز مکمل ہونے کے بعد ورک آرڈرز بھی جاری کیے جا چکے ہیں اور ان پر آئندہ ایک ہفتے کے اندر عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے متعلقہ محکموں کے افسران اور ذمہ داران کو ہدایت کی کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر شفافیت، اعلیٰ معیار اور تمام تر تکنیکی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت، تاخیر یا ناقص اور غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مو¿ثر حکمتِ عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچائے جا سکیں اور ضلع زیارت میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں