کوئٹہ(یو این اے) آل پاکستان بس یونین اور پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری وزیر خان، نائب صدر اقبال سرگڑھ، ڈپٹی سیکرٹری حبیب اللہ خان اور سیکرٹری اطلاعات عبدالمتین نے کہا ہے کہ رات کے سفر کی بندش اور ٹائمنگ شیڈول نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے، جس کے باعث نہ صرف ٹرانسپورٹرز کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے بلکہ مسافروں کو بھی شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹائمنگ شیڈول ختم کرکے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو تباہی سے بچایا جائے اور مسافروں کو بروقت اپنی منزل تک پہنچنے کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شاہراہوں پر مقررہ وقت پورا ہونے کے بعد مسافر گاڑیوں کو روک لیا جاتا ہے، جس کے باعث خواتین، بچوں، بزرگوں اور دیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی مرتبہ مسافر گاڑیوں میں سوار افراد کو رات کے وقت کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے، جو نہ صرف انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے منافی ہے بلکہ مسافروں کی سفری مشکلات میں اضافے کا بھی سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ پہلے ہی مختلف مسائل، اخراجات اور کاروباری مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں سخت ٹائمنگ شیڈول اور رات کے سفر پر پابندی نے ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔بس یونین رہنماں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹائمنگ شیڈول پر نظرثانی کی جائے، مسافر گاڑیوں کی غیر ضروری روک تھام کا سلسلہ ختم کیا جائے اور ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لے کر ایسا قابلِ عمل طریقہ کار وضع کیا جائے جس سے مسافروں کی مشکلات کا ازالہ ہو، ٹرانسپورٹ کا کاروبار متاثر نہ ہو اور عوام کو محفوظ، آسان اور بروقت سفری سہولیات میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لہذا ان کے مسائل حل کرنا اور مسافروں کو غیر ضروری پریشانی سے بچانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
رات کے سفر پر پابندی ختم کی جائے،ٹرانسپورٹرز
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل