گوٹھ عبدالکریم ببر جمالی ٹھ عبدالکریم ببر جمالی بنیادی صحت کی سہولت سے محروم

جعفرآباد (نامہ نگار مقصود احمد مہر) گوٹھ عبدالکریم ببر جمالی کے رہائشی اور سماجی شخصیت رئیس عبدالکریم ببر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوٹھ عبدالکریم ببر جمالی محبت شاخ میں تقریباً 200 سے 250 گھرانے آباد ہیں، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ علاقے کی بڑی آبادی آج بھی بنیادی صحت کی سہولت سے محروم ہے۔انہوں نے کہا کہ گوٹھ میں عوام کی سہولت کے لیے ڈسپنسری کی عمارت عرصہ دراز سے مکمل اور تیار موجود ہے، مگر تاحال اس میں طبی عملہ تعینات نہیں کیا گیا، جس کے باعث علاقے کے مریضوں، خواتین، بزرگوں اور بچوں کو معمولی طبی علاج کے لیے بھی دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو شدید مشکلات، اضافی سفری اخراجات اور قیمتی وقت کے ضیاع کا سامنا کرنا پڑتا ہے رئیس عبدالکریم ببر نے کہا کہ جب علاقے میں صحت مرکز کی عمارت پہلے ہی موجود اور تیار ہے تو صرف عملے کی عدم تعیناتی کے باعث عوام کو صحت کی بنیادی سہولت سے محروم رکھنا باعثِ تشویش ہے۔ خصوصاً ہنگامی صورت حال میں بروقت طبی امداد نہ ملنے سے مریضوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر صحت بلوچستان، سیکریٹری صحت بلوچستان، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی کہ گوٹھ عبدالکریم ببر جمالی محبت شاخ کی آبادی اور عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار شدہ ڈسپنسری میں فوری طور پر ڈاکٹر، ڈسپنسر، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ضروری عملہ تعینات کیا جائے، جبکہ بنیادی ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپنسری کو فعال کرنے سے نہ صرف گوٹھ عبدالکریم ببر جمالی محبت شاخ بلکہ آس پاس کے علاقوں کے مکینوں کو بھی بنیادی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی اور عوام کو دور دراز مراکز صحت کے چکر لگانے سے نجات مل سکے گی۔اہلِ علاقہ نے بھی اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لے کر ڈسپنسری کو فعال کیا جائے تاکہ علاقے کے سینکڑوں خاندانوں کو بنیادی صحت کی سہولت میسر آ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں