نصیر آباد ،مہنگائی، بھتہ خوری کے خلاف دستخطی مہم کیمپ کا انعقاد

نصیرآباد ( محمد یونس عمرانی)صوبائی نائب امیر و ضلعی امیر جماعت اسلامی نصیرآباد بشیر احمد ماندائی کی سربراہی میں مہنگائی، بھتہ خوری، پٹرول و بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عوامی مشکلات کے خلاف دستخطی مہم کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی نائب امیر نصیر آباد پروفیسر محمد ابراہیم ابڑو، سابق ضلعی امیر نصیر آباد خاوند بخش مینگل سمیت جماعت اسلامی کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔دستخطی مہم کے دوران شہریوں سے دستخط لیے گئے اور عوامی مطالبات کو اجاگر کیا گیا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ پٹرول سے لیوی ختم اور ناجائز ٹیکس ختم کرکے پٹرول کی قیمت کم کی جائے، آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدے ختم کرکے بجلی سستی کی جائے، آٹا اور چینی مافیا کو لگام دی جائے اور روٹی 10 روپے کی کی جائے۔مزید مطالبات میں گندم، آلو اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے، مفت پٹرول، بجلی اور ماہانہ مراعات کا سلسلہ بند کرنے جبکہ سرکاری گاڑیوں کو 1300 سی سی تک محدود کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔جماعت اسلامی کے رہنماو¿ں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ پٹرول، بجلی، آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے غریب طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ دستخطی مہم کا مقصد عوامی مسائل اور مطالبات کو حکام بالا تک پہنچانا ہے، جماعت اسلامی عوام کے بنیادی حقوق اور معاشی ریلیف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں