لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں،سید صادق آغا

کوئٹہ(یو این اے)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے آغاز کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کسی ذاتی مفاد یا اقتدار کے حصول کی جنگ نہیں بلکہ ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار کے تحفظ، عوام کے بنیادی حقوق اور حقیقی سیاسی نمائندگی کے لیے ایک آئینی و جمہوری جدوجہد ہے۔حکومت کو چاہیے کہ وہ احتجاج کرنے والے شہریوں اور سیاسی کارکنوں کے ساتھ طاقت اور انتظامی رکاوٹوں کے بجائے سیاسی دانش مندی کا مظاہرہ کرے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی، معاشی اور انتظامی بحرانوں کا شکار ہے، ایسے حالات میں سیاسی قوتوں کے درمیان فاصلے مزید بڑھانے کے بجائے مذاکرات اور قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔حکومت اگر عوامی مسائل حل کرنے اور ملک میں سیاسی استحکام لانے میں سنجیدہ ہے تو اسے تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے۔سید صادق آغا نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے، اس حق کو طاقت کے ذریعے دبانے سے مسائل ختم نہیں ہوں گے بلکہ سیاسی بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو لانگ مارچ میں شرکت سے روکنے کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کرنے اور گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔تحریک انصاف بلوچستان کے کارکنان اپنے قائدین اور مرکزی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک میں آئین، قانون کی حکمرانی، شفاف سیاست اور عوام کے حقیقی مینڈیٹ کے احترام کے لیے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں