اورماڑہ(خ ن) رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت کی زیرِ صدارت تحصیلدار آفس اورماڑہ میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، بلدیاتی نمائندگان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں انتظامی امور، عوامی مسائل اور جاری ترقیاتی و فلاحی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بلدیاتی سہولیات اور ماہی گیری کے شعبے کے فروغ سمیت دیگر اہم عوامی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ مولانا ہدایت الرحمٰن نے مختلف محکموں کے افسران سے ان کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احساسِ ذمہ داری اور خلوصِ نیت سے انجام دی جائیں اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ماہ نور برکت نے انتظامی امور، عوامی سہولیات اور مختلف محکموں کی کارکردگی سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی، جبکہ دیگر افسران نے اپنے اپنے محکموں کی پیش رفت اور درپیش مسائل سے اجلاس کوآگاہ کیا بعدازاں مولانا ہدایت الرحمٰن نے میونسپل کمیٹی اورماڑہ کا دورہ کیا اور چیئرمین محفوظ بلوچ سے ملاقات کی بلدیات امور اور جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نادرا آفس کا بھی دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔
مولانا ہدایت الرحمٰن اور اسسٹنٹ کمشنر کی زیرِ صدارت اجلاس
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل