عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت یا تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا،فہد حسین عمرانی

بارکھان/رکنی(خ ن)ڈپٹی کمشنر بارکھان سعید الرحمٰن کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رکنی فہد حسین عمرانی اور کیپٹن رضا کی زیرِ نگرانی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، علاقہ معتبرین، عمائدین اور شہریوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو درپیش مسائل اور شکایات کو براہِ راست سننا اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کرنا تھا۔ اس موقع پر شہریوں اور علاقہ معتبرین نے بجلی، صحت، تعلیم، سڑکوں، صفائی، سرکاری امور اور دیگر عوامی نوعیت کے مسائل سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز پیش کیں۔اسسٹنٹ کمشنر رکنی فہد حسین عمرانی اور کیپٹن رضا نے شہریوں کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو غور سے سنا اور متعلقہ افسران سے مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی نوعیت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور شہریوں کو سرکاری امور کی انجام دہی میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رکنی فہد حسین عمرانی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت یا تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مو¿ثر انداز میں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کا مو¿ثر ذریعہ ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ عوامی شکایات کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں اور علاقہ معتبرین نے انتظامیہ کی جانب سے ان کے مسائل سننے، متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے اور مسائل کے بروقت حل کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں