حرمین شریفین ہماری وحدت، ایمان اور عقیدے کی علامت ہیں،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ نے کہا کہ مدینہ منورہ، سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفی ﷺ کا مقدس شہر اور پوری امتِ مسلمہ کے ایمان و عقیدت کا مرکز ہے، اس شہرِ مقدس پر ہونے والے حملے کی خبر نے ہر مسلمان کے دل کو غمزدہ اور زخمی کردیا ہے۔ مدینہ الرسول ﷺ پر حملہ کسی ایک شہر، ملک یا قوم پر حملہ نہیں بلکہ عالمِ اسلام کے دل، مسلمانوں کے عقیدے اور ان کے جذبات پر براہِ راست حملہ ہے۔ یہ وقت خاموشی، مصلحتوں اور باہمی اختلافات میں الجھنے کا نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے متحد ہونے کا ہے۔ مسلم حکمرانوں اور امتِ مسلمہ کو تمام مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حرمین شریفین کے تقدس و حرمت کے تحفظ کے لیے یک زبان اور یک جان ہونا ہوگا۔ اگر آج حرمین شریفین کے دفاع اور حرمت کے لیے امت متحد نہیں ہوگی تو پھر کب ہوگی؟ حرمین شریفین ہماری وحدت، ایمان اور عقیدے کی علامت ہیں، ان کی حرمت کے تحفظ کے لیے اپنی جان، مال اور اولاد تک قربان کرنا ہر مسلمان اپنے لیے سعادت اور باعثِ فخر سمجھتا ہے۔ جمعیت علما اسلام حرمین شریفین کے تقدس و حرمت کو اپنی دینی ترجیحات میں بنیادی مقام دیتی ہے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد، اسلامی شعائر کے تحفظ اور مقدساتِ اسلامیہ کی حرمت کے لیے ہر فورم پر اپنی آواز پوری قوت کے ساتھ بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں