حکومت عوامی سہولیات کی بروقت تکمیل اور بہتر سفری نظام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، صادق عمرانی

کوئٹہ،(خ ن)بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی کمیٹی رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین / جناح پیپلز ٹرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے کوئٹہ کے عوام کے لیے ایک عظیم تحفہ قرار دیا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ماس ٹرانزٹ ٹرین کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں عوام کو جدید، محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین کے لیے 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ صرف 120 روز میں مکمل کر لیا گیا ہے، جو صوبائی حکومت کی مثالی کارکردگی اور عوام دوستی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناح پیپلز ٹرین کے روٹ میں کچلاک سے سریاب تک 7 اسٹیشنز شامل ہیں، جو کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کے لیے سفری سہولیات میں بہتری کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور عام شہریوں کے لیے یہ منصوبہ روزمرہ سفر کو مزید آسان بنانے، وقت اور سفری اخراجات میں کمی لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ حکومت بلوچستان وزیراعلیٰ کے وڑن کے تحت عوامی سہولیات کی بروقت تکمیل اور بہتر سفری نظام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جس سے صوبے کے عوام کا اعتماد اپنے منتخب نمائندوں پر مزید بڑھ رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں