کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج ایک اہم منصوبہ ہے، ذیشان لاشاری

کوئٹہ (خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج (QDP) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت، درپیش رکاوٹوں کے خاتمے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی،ڈپٹی کمشنر ویسٹ منیر احمد درانی، پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی رفیق بلوچ، ڈویژنل ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی عابد حسین سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں، فنڈز کے اجرا، لینڈ ایکوزیشن اور تجاوزات سمیت دیگر امور پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی رفیق بلوچ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت کیو ڈی پی کے 12 ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 7 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ 6 نئے منصوبے بھی پی ایس ڈی پی میں شامل کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سریاب روڈ، سبزل روڈ، قمبرانی روڈ، ایریگیشن بلڈنگ روڈ سیفٹی ورکس، ریڈیو پاکستان لنک روڈ، لنک بادینی روڈ، سرکی روڈ، انسکمب روڈ اور پبلک اسپیس کی تعمیر سمیت متعدد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سبزل،سمنلگلی روڈ برج، زرغون روڈ توسیعی منصوبے، سروس روڈ، سریاب اور سملنگلی روڈ کی بہتری کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ انڈر پاس سبزل اسپنی روڈ ،اے جی افس پارکنگ،یوٹیلیٹی کوریڈور اور ائیرپورٹ روڈبیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔پروجیکٹ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ نئے شامل کیے گئے منصوبوں میں ایئرپورٹ روڈ برج کی تعمیر، پشین اسٹاپ تاچمن پھاٹک تک فزبیلٹی سروے، اے جی آفس پارکنگ کی تعمیر، ایئرپورٹ روڈ پر پیڈنسٹک برج اور سریاب روڈ پر فلائی اوور سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے جبکہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی بھی ممکن ہو رہی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج ایک اہم منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ شہری انفراسٹرکچر میں بہتری اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت کی کہ کیو ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے فوری اور مو¿ثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے فنڈز کے اجرا، لینڈ ایکوزیشن اور تجاوزات کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کی جائے اور تمام محکمے باہمی رابطے کے ذریعے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر کام کی پیشرفت کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر کمشنر آفس کو رپورٹ پیش کی جائے تاکہ جاری منصوبوں کی مسلسل نگرانی یقینی بناتے ہوئے کام بلا تعطل اور تیز رفتاری سے جاری رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں