کوئٹہ ۔۔۔۔۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں تلاشی کے نام پر کسٹم ، کوسٹ گارڈ ودیگر متعلقہ اداروں کی غیر قانونی اور نارواعمل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے کے زمینداروں کے سیب ودیگر میوہ جات ، سبزیات سے بھرے ٹرکوں پر لوہے کے نوکیلے سیخ (راڈز) سے چھید کرنے، تلاشی کے نام پر زمینداروں کی معاشی قتل عام کرنے کا غیر آئینی ،غیر قانونی اور ناروا عمل جاری ہے جس کے ذریعے نہ صرف میوہ جات ، سبزیات کو ضائع کیا جارہا ہے بلکہ ملک کے دیگر صوبوں واضلاع تک منڈی میں بروقت رسائی میں تاخیرہونے ،خراب ہونے کے باعث ویلو کم ہونے ،قیمتوں میں شدید کمی ، نوکیلے سیخ (راڈ) مارنے سے فروٹ کے ڈبے پھٹ جانے، سیب ودیگر میوہ جات و سبزیات خراب ہو جانے اور مارکیٹ میںپھر ان کا کوئی خریدار نہیں ہوتاجس سے ہمارے صوبے کے زمینداروں کو نقصانات سے دوچار کیا جارہاہے ۔اسی طرح میوہ جات وسبزیوں کے لدے کاٹنز، ٹھوکریوں کو ٹرکوں ، مزدا گاڑیوں سے اتارنے ، پھینکنے ، ضائع کرنے کا عمل بھی کسٹم ، کوسٹ گارڈ ودیگر اداروں کی جانب سے جاری ہے ۔ زراعت ہمارے عوام کے معاش کی شہ رگ ہے جو کہ پہلے ہی حکومتی عدم توجہی کے باعث تباہی سے دوچار ہوچکی ہیں، حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث پہلے ہی باڈر ٹریڈ کی بندش نے تاجروں سمیت تمام عوام کو سخت ترین بیروزگاری ، مہنگائی اور معاشی مشکلات سے دوچار کررکھا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلط فارم 47کی صوبائی حکومت کی عدم توجہی اور کسٹم سمیت مختلف اداروں کی کرپشن ، کمیشن ، لوٹ مار پر مبنی اقدامات سے زمیندار ، ٹرانسپورٹرز اور ہمارے عوام کو سخت معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ٹرک ڈرائیورز سے بھتہ ہزاروں روپے بھتہ لینے ، ان کے ساتھ بد اخلاقی پر مبنی رویہ اختیار کرنے کی شکایات قابل افسوس اور قابل مذمت ہے جبکہ ملک کے اندر ایک صوبے سے دوسرے صوبے جانے والے ملکی میوہ جات کو چیک کرنے کا کسٹم کے اختیارات وقوانین واضح ہیں ۔پشتونخواملی عوامی پارٹی وفاقی وصوبائی حکومتوں ، کسٹم سمیت تمام متعلقہ اداروں پر واضح کرتی ہے کہ وہ ہمارے زمینداروں ، ٹرانسپورٹرز اور عوام کے معاشی قتل عام پر مبنی اقدامات کو فوری ترک کرے اور میوہ جات، سبزیات کی بروقت ملک کے مختلف اضلاع کے منڈیوں تک رسائی میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کریں ۔ اور ساتھ ہی صوبے کے گورنر ، وزیر اعلیٰ ، چیف سیکرٹری ،کسٹم کے چیف کلیکٹر ودیگر متعلقہ حکام سے اس ناروا اور عوام دشمن عمل کے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ اور کرپشن وکمیشن ، بھتہ خوری میں ملوث آفیسران واہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ اور اس مکروہ دھندے کی روک تھام ہوسکیں۔ اگر اس پر عملدرآمد نہ ہوا تو پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت سے زمینداروں ، کسانوں کے احتجاج میں ان کے ساتھ شریک ہوگی۔
حکومت زمینداروں ، ٹرانسپورٹرز اور عوام کے معاشی قتل عام پر مبنی اقدامات کو فوری ترک کرے ، پشتونخوامیپ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل