بیروت: لبنان کی فوج کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ الفوقا میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک لبنانی فوجی شدید زخمی جبکہ تین شہری بھی زخمی ہوگئے۔لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے نبطیہ الفوقا کو نشانہ بنایا۔ یہ علاقہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد مرتبہ حملوں کی زد میں آچکا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے تاحال اس حملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔حالیہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب جون میں امریکی ثالثی سے لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد تعطل کا شکار ہے۔ معاہدے کے تحت حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا، اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان سے مرحلہ وار انخلا اور علاقے میں لبنانی فوج کی تعیناتی شامل ہے۔لبنانی فوج کو جولائی میں ابتدائی طور پر دو علاقوں میں تعینات کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود معاہدے پر عمل درآمد میں نمایاں پیش رفت نہیں ہوسکی۔لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے دوران بھی معاہدے پر مزید عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔دوسری جانب حزب اللہ اپنے ہتھیار چھوڑنے پر آمادہ نہیں، جبکہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے باوجود لبنان میں کارروائیاں جاری رکھنے اور جنوبی لبنان کے بعض علاقوں میں موجودگی برقرار رکھنے کا معاملہ بھی معاہدے پر عمل درآمد میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملہ، لبنانی فوجی اور تین شہری زخمی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل