جیکب آباد ( انیس جکھرانی)جیکب آباد کے جمس اسپتال میں سندھ سوسائٹی فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے تعاون سے مستحق معذور افراد میں معاون سامان تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی (ایم پی اے) گڑھی خیرو میر ممتاز حسین جکھرانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مستحق معذور افراد میں وہیل چیئرز اور دیگر ضروری معاون سامان تقسیم کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے میر ممتاز حسین جکھرانی نے کہا کہ معذور افراد کی مدد کرنا اور انہیں معاشرے میں ایک باعزت مقام دلانا ہم سب کی مشترکہ سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحق افراد تک بلا تفریق امداد پہنچانے کے لیے اس طرح کے فلاحی پروگراموں کی حوصلہ افزائی کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ یہ افراد بھی معاشرے کے فعال اور خود مختار شہری بن سکیں۔
تقریب میں سماجی شخصیات، اسپتال انتظامیہ اور شہر کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فلاحی ادارے کی اس کاوش کو سراہا۔
جمس اسپتال میں مستحق معذور افراد میں معاون سامان تقسیم کرنے کی تقریب