نصیرآباد(خ ن)ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول عبداللہ خان کنرانی کا دورہ کیا، دورے کے موقع پر ایف سی کے کرنل رضوان طیب، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عائشہ بگٹی سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف کلاس رومز اور دیگر شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور تدریسی عمل، طالبات کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات اور سکول کو درپیش مسائل کے حوالے سے پرنسپل سے تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو مختلف مسائل اور ضروریات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے سکول انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بچیوں کے تدریسی عمل پر خصوصی توجہ دی جائے اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، انہوں نے کہا کہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول انتظامیہ کی جانب سے جن مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے، ان کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے درپیش مسائل کا بہتر معنوں میں حل تلاش کیا جائے گا تاکہ طالبات کو تعلیم کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بچیوں کے تدریسی عمل پر خصوصی توجہ دی جائے ، خالد خان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل