زائرین کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،کرنل ماجد

سونمیانی وندر(پ ر)لسبیلہ کے پسماندہ علاقے لیاری میں پاک فوج کے افسر کرنل ماجد نے خصوصی دورہ کرتے ہوئے تاریخی ماتا مندر اور دربار کا جائزہ لیا اور ہندو برادری کے معززین و ہنگلاج ماتا نوراتری فیسٹیول کے منتظمین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آنے والے ہنگلاج ماتا نوراتری فیسٹیول کے انتظامات زائرین کی سہولت اور سکیورٹی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کرنل ماجد نے ہندو برادری کے معززین اور فیسٹیول منتظمین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہنگلاج ماتا یاترا اور نوراتری فیسٹیول میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے زائرین کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور بھرپور کوشش کی جائے گی کہ کسی بھی زائر کو دورانِ یاترا کسی قسم کی تکلیف یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے فیسٹیول کے دوران سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے ہندو برادری کے نمائندوں سے بھی تعاون جاری رکھنے کا کہا۔ دورے کے موقع پر کونسلر میونسپل کمیٹی وندر و ہنگلاج ماتا ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ سوسائٹی ورکنگ کمیٹی کے رکن نریش کمار ، کرشن لال لاسی ، دولت رام ، مہاراج سروپ سمیت ہندو برادری کے دیگر معززین بھی موجود تھے۔ ہندو برادری کے رہنماو¿ں نے کرنل ماجد کی لیاری آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ہنگلاج ماتا نوراتری فیسٹیول کے موقع پر زائرین کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ہندو برادری کے معززین نے کہا کہ مذہبی تہوار کے موقع پر زائرین کے تحفظ اور سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ قدر ہیں جبکہ مختلف مذاہب کے درمیان باہمی احترام بھائی چارے اور تعاون کا فروغ معاشرے میں امن و ہم آہنگی کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں