دشمن کے بزدلانہ وار قوم کا عزم متزلزل نہیں کرسکتے، میر علی حسن زہری

کوئٹہ۔۔۔۔۔۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر مملکت آصف علی زرداری اور سینئر صوبائی نائب پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میر علی حسن زہری نے کوئٹہ کے زیارت کراس پر کسٹم ہاو¿س پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی اس بہیمانہ کارروائی میں 10 اہلکاروں کی شہادت اور سینکڑوں گاڑیوں اور سرکاری املاک کو نذرِ آتش کرنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر اپنے بزدلانہ اور انسانیت دشمن عزائم کا اظہار کیا ہے مگر دشمن کے ایسے منفی اور بزدلانہ ہتھکنڈے پاکستانی قوم کے عزم، حوصلے اور قومی یکجہتی کو کسی صورت متزلزل نہیں کرسکتے۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک صفحے پر ہے اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے خون کا حساب قانون اور ریاستی طاقت کے ذریعے لیا جائے گا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی اور بہت جلدسیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے انہیں ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔ میر علی حسن زہری نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے محافظ اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن کے امن اور سلامتی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ پوری قوم اپنے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل صفایا کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ریاست دشمن عناصر کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی اور ملک دشمن عناصر کا آخری ٹھکانہ بھی ختم کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن پسند، محب وطن اور پاکستان سے بے پناہ محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے عوام اور ریاست کے درمیان فاصلے پیدا کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی ریاست کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ میر علی حسن زہری نے شہید ہونے والے کسٹمز اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداءکے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداءکے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیارت کراس واقعے میں ملوث دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور پسِ پردہ عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔ دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دشمن جتنے بھی ہتھکنڈے آزما لے، پاکستانی قوم متحد ہے، ریاست مضبوط ہے اور ہمارے سیکیورٹی ادارے ملک کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک صفحے پر ہے، دشمن کے بزدلانہ وار قوم کا عزم نہیں توڑ سکتے۔ شہداءکا خون رنگ لائے گا اور دہشت گردوں کا انجام قریب ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں