تربت (پ ر)جامعہ تربت کی فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے طلبہ نے گرمیوں کی تعطیلات 2026 کے دوران پاکستان کے ممتاز سرکاری و نجی اداروں میں چھ ہفتوں پر مشتمل انٹرنشپ پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے طلبہ کو عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنے پر شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جامعہ تربت اور صنعتی و کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ طلبہ کو عملی تجربے اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کر کے ایک کامیاب کیریئر کے لیے تیار کیا جا سکے۔انٹرنشپ پروگرام کی کامیاب تکمیل پر طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر شعبہ منیجمنٹ سائنسز کے چیئرمین ڈاکٹر غلام جان، شعبہ کامرس کے چیئرمین ڈاکٹر مشتاق محمد، شعبہ اکنامکس کے چیئرمین ڈاکٹر محمد یعقوب، لیکچرار امیر بخش، فوکل پرسن عطیہ اسلم اور دیگر اساتذہ نے خطاب کیا۔مقررین نے بتایا کہ طلبہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ڈارسن سیکیورٹیز، گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی، چمن ڈرائی فروٹس، امانا رئیلٹی گروپ، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور سمیڈا سمیت ملک کے مختلف تجارتی بینکوں اور معروف اداروں میں عملی تربیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس انٹرنشپ پروگرام کے ذریعے طلبہ کو پیشہ ورانہ ماحول میں اپنی مہارتوں کو نکھارنے کا بھرپور موقع ملا۔تقریب کے اختتام پر فیکلٹی ممبران نے ملک بھر کے سرکاری اور نجی اداروں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ بھی جامعہ تربت کے طلبہ کو عملی تربیت اور انٹرنشپ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے آگے آئیں۔
جامعہ تربت کے فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے طلبہ کا کامیاب انٹرنشپ پروگرام مکمل
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل