اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویزملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان عوام کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں اچھی خبر ملے گی، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کےلئے مختلف ممالک سے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں مثبت پیشرفت متوقع ہے۔انٹرویو میں وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ سعودی عرب سے بھی اچھی خبر آئے گی جبکہ ترکیہ سے بھی مثبت پیشرفت کی امید ہے۔ انہوں نے عمان کی جانب سے ملنے والی سہولت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمان پہلے ہی 200ملین ڈالر کے ادھار پر پاکستان کو پیٹرول فراہم کرنے پر رضامندہو چکا ہے۔ علی پرویز کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عالمی سطح پر مختلف ذرائع سے پیٹرولیم مصنوعات کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔اچھی خبر آئے گی آپ بے فکر رہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے نتیجے میں ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی بہتر بنانے کے ساتھ قیمتوں کے حوالے سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔ انکا کہنا تھاکہ کہ گزشتہ 6ماہ کے دوران خطے کی صورتحال کے باعث عالمی توانائی منڈیوں میں سپلائی اور قیمتوں کے حوالے سے شدید چیلنجز سامنے آئے تاہم حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے۔انہوں نے کہا کہ علاقائی بحران کے دوران توانائی کی عالمی منڈیوں میں دستیابی کے مسائل پیدا ہوئے کیونکہ متعدد ممالک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے درآمدات اور مختلف ذرائع پر انحصار کرتے ہیں، سپلائی میں رکاوٹوں کے ساتھ قیمتوں میں اضافے نے دنیا بھر میں حکومتوں، عوام اور کاروباری شعبے کے بجٹ کو متاثر کیا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے تقریباً 130ارب روپے اپنے وسائل سے استعمال کئے تاکہ عوام کو موجودہ مشکل صورتحال میں سہارا فراہم کیا جا سکے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کمزور طبقات کو بھی سپورٹ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔
آنے والے دنوں میں اچھی خبر ملے گی وزیر پیٹرولیم علی پرویزکی عوام کو تسلی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل