حکومت ظالمانہ ٹیکسوں اور مہنگائی کا خاتمہ کرے ،ثمینہ سعید

فیصل آباد (پ ر)قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے حقوق کے لیے بیدار ہوچکی ہیں، اب انہیں کسی دھمکی، رکاوٹ یا دباو¿ سے خاموش نہیں کرایا جاسکتا۔ جماعت اسلامی کا دھرنا عوام کے مسائل کے حل اور حکمرانوں کو ان کی ذمہ داری یاد دلانے کی جدوجہد ہے۔وہ فیصل آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کر رہی تھیں۔ جلسے میں فیصل آباد بھر سے خواتین، بچوں، طالبات اور ورکنگ ویمن نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ثمینہ سعید نے کہا کہ آج فیصل آباد کی خواتین سڑکوں پر اس لیے نکلی ہیں کہ ان کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، بجلی و گیس کے بل ناقابلِ برداشت ہوچکے ہیں، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے اور حکمران عوام کی مشکلات سے بے نیاز ہیں۔ خواتین اپنے بچوں کے بہتر مستقبل، باعزت زندگی اور محفوظ پاکستان کے لیے میدان میں نکلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک دھرنا نہیں بلکہ عوامی شعور اور مزاحمت کی نئی آواز ہے۔ جب مائیں اپنے بچوں سمیت اپنے حق کے لیے کھڑی ہوجائیں تو اقتدار کے ایوانوں کو عوام کی آواز سننا پڑتی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دے، ظالمانہ ٹیکسوں اور مہنگائی کا خاتمہ کرے اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کو عام آدمی کی پہنچ میں لائے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ ہماری جدوجہد کسی فرد یا جماعت کے خلاف نہیں بلکہ ظلم، ناانصافی، کرپشن اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہے۔ثمینہ سعید نے مزید کہا کہ فیصل آباد کی خواتین نے آج ثابت کردیا ہے کہ پاکستان کی بیٹیاں اپنے حقوق سے غافل نہیں۔ گھروں سے نکلنے والی یہ خواتین حکمرانوں کے لیے واضح پیغام ہیں کہ اب عوام کے مسائل کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو وعدے نہیں، عملی ریلیف چاہیے۔ جب تک بنیادی مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔اس موقع پر ناظمہ صوبہ وسطی پنجاب نازیہ توحید، نائب ناظمہ فوزیہ محبوب، ربیعہ طارق اور شائستہ عمر ناظمہ ضلع فیصل آباد سعدیہ رحمن ھی موجود تھیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں