کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا،فضل الرحمن کبدانی

دُکی(خ ن) وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور حکومتِ بلوچستان کی پالیسی کے مطابق ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت تحصیل دکی کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے اور ان کے فوری حل کے لیے نظامی پبلک ہائی سکول دکی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں کمانڈر 87 ونگ کرنل شاہد بلال، ایس پی دکی منصور احمد بزدار، اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مزید مو¿ثر بنانا اور شہریوں کو اپنے مسائل و شکایات کے اظہار کے لیے ایک باقاعدہ اور کھلا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ کھلی کچہری کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے صاف پانی کی فراہمی، تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب، معذور افراد کے لیے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کے قیام اور دیگر بنیادی شہری سہولیات سے متعلق اپنے مسائل اور مشکلات ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے شہریوں کے مسائل اور شکایات کو توجہ اور تحمل سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان سے ہر مسئلے کے حوالے سے تفصیلات اور موجودہ صورتحال دریافت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو عوامی مسائل کے فوری ازالے، دستیاب وسائل کے مو¿ثر استعمال اور زیرِ التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں