نوجوانوں کو اے آئی، جدید ٹیکنالوجی اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ (خ ن) گورنرجعفرخان مندوخیل امریکہ کا کامیاب سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ دورہ امریکہ کے دوران گورنر بلوچستان نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے عالمی سربراہی اجلاس سے خطاب کیا جہاں انہوں نے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں، مسائل اور مستقبل کے امکانات کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کیا۔گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس، جدید ٹیکنالوجی اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہیں جدید علوم، ٹیکنالوجی اور ہنر کے مواقع فراہم کرکے ملک کی تعمیر و ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ امریکہ کے دوران پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کی عالمی سطح پر نمائندگی اہم کامیابی ہے۔ عالمی سطح پر نوجوانوں سے متعلق ہونے والی گفتگو میں بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز کو اجاگر کرنا اس بات کا اعتراف ہے کہ صوبے کے نوجوان بھی عالمی ترقی، ٹیکنالوجی اور جدت کے سفر میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔گورنر مندوخیل نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے جوش و جذبے کے ساتھ جشن آزادی منانے کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ دورہ کے دوران گورنر نے پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں