زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرایا جائے، لیاقت علی

سیوی(خ ن)ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی خصوصی ہدایت اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیوی عبدالستار لانگو کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لہڑی لیاقت علی لغاری کی جانب سے تحصیل لہڑی کے مختلف اسکولوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لہڑی لیاقت علی لغاری نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول گڑھی محمد بخش، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول قاضی میر واہ، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول برڑہ، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بھنڈ جاگیر، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول گولہ واہ، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بنگو بشام، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول خیرواہ اور گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول جمعہ خان گولہ کا تفصیلی اور اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران طلباء اور اساتذہ کی حاضری چیک کی گئی جبکہ کلاس رومز میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے طلباءسے نصاب کے مطابق مختلف سوالات بھی پوچھے گئے اور ان کی تعلیمی استعداد کو جانچا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ علاقے کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم اور اسکول سے باہر نہ رہے۔ انہوں نے طلباء کو آگاہ کیا کہ رواں سال امتحانات جلد منعقد کیے جائیں گے، لہٰذا وہ اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دیں اور امتحانات کی تیاری میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ اساتذہ اور طلباءپر زور دیا گیا کہ وہ محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں