سونمیانی وندر(نمائندہ گوادر بزنس) دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بلوچستان کے ساحلی علاقے ڈام میں کشتیوں پر عظیم الشان جلوسِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں حب ، وندر ، اوتھل ، بیلہ سمیت مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسولﷺ ماہی گیروں ، علمائے کرام ، ساداتِ کرام ، دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ کشتیوں کو مدنی پرچموں اور خوبصورت آرائشی اشیاء سے سجایا گیا۔ جبکہ سمندر کی لہروں کے درمیان کشتیوں پر سوار عاشقانِ رسول ﷺ ہاتھوں میں مدنی پرچم اٹھائے والہانہ انداز میں آقا کریم ﷺ کی آمد کی خوشی کا اظہار کرتے رہے۔ اس دوران سمندر کی فضا ”مرحبا یا مصطفیٰﷺ“ کے نعروں درود و سلام اور ذکرِ رسول ﷺ سے گونجتی رہی اور میلادِ مصطفیٰ ﷺ منانے کا روح پرور منظر انتہائی ایمان افروز اور دیدنی دکھائی دیا۔ اس موقع پر مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا محمد اکرم عطاری مدنی نے عشقِ رسولﷺ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبیِ کریم ﷺ سے محبت ایمان کا لازمی حصہ ہے ہمیں اپنی زندگیوں کو سنتِ مصطفیﷺ کے مطابق گزارنے اور آپﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے جلوسِ میلاد میں علمائے کرام مولانا علی اکبر عطاری مدنی ، مولانا عبدالرزاق عطاری مدنی ، مولانا غلام مصطفیٰ عطاری ، مولانا بشیر احمد عطاری ، مولانا ندیم عطاری سمیت دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران، ساداتِ کرام ، میڈیا نمائندگان مہر اللہ الفت ، نصیر احمد لنگاہ ، حنیف چنا ، غلام قادر خاصخیلی اور دیگر نے شرکت کی۔ شرکاء نے بارگاہِ رسالتﷺ میں محبت و عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے درود و سلام کی صدائیں بلند کیں جلوس کے اختتام پر صلوٰة و سلام پیش کیا گیا جبکہ امتِ مسلمہ ملک و قوم کی سلامتی امن و خوشحالی اور تمام مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاءنے کشتیوں پر میلادِ مصطفیٰ ﷺ منانے کے اس خوبصورت اور منفرد انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے روح پرور اجتماعات عشقِ رسولﷺ کو اجاگر کرنے سنتِ مصطفیٰ ﷺ سے وابستگی مضبوط کرنے اور نیکی کی طرف رغبت پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
ڈام میں کشتیوں پر عظیم الشان جلوسِ میلاد کا انعقاد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل