بند صنعتوں کی بحالی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،سائرہ عطاءن

لسبیلہ(خ ن)کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاءنے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی سرکاری محکموں کے دوروں کا آغاز کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (لیڈا) کا دورہ کیا، جہاں انہیں لیڈا کانفرنس ہال میں منیجنگ ڈائریکٹر لیاقت علی کاشانی نے ادارے کی کارکردگی، صنعتی ترقی، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر سائرہ عطائ نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور ٹیکس ریونیو میں اضافے کے لیے لیڈا کلیدی اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کی ترقی نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ بلوچستان کی معاشی سرگرمیوں کو بھی مزید مستحکم بنائے گی۔ایم ڈی لیڈا لیاقت علی کاشانی نے کمشنر کو ادارے کی انتظامی ذمہ داریوں، صنعتی اداروں کو درپیش مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساحلی پٹی گڈانی میں صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے ماسٹر پلان کی کنسلٹنسی پر کام جاری ہے، جبکہ کراچی سے قریب ہونے کے باعث لیڈا اسپیشل اکنامک زون اور گڈانی سائٹ انفراسٹرکچر، محل وقوع اور سیکیورٹی کے اعتبار سے سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین مقام ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لیڈا اسپیشل اکنامک زون میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں اور لیڈا سرمایہ کاروں کو بنیادی انفراسٹرکچر اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرکے سازگار کاروباری ماحول مہیا کرنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے منصوبے کی ضروریات کے مطابق فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث بعض ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے ایم ڈی لیڈا نے بتایا کہ صنعتی شعبے کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے لیڈا انڈسٹریل زون میں گریڈ اسٹیشن کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی جانب سے 200 ارب روپے کا ٹیکس ریونیو شیئر ملا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں ضلع حب میں بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے لیے جامع پالیسی بھی مرتب کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بند صنعتوں کی بحالی سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ٹیکس ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے لیڈا کی جانب سے صنعت کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع حب معدنی وسائل کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبے میں بھی نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو جنریشن میں اضافے، مقامی ہنرمند خواتین کو صنعتی شعبے کی جانب راغب کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایسے منصوبے تشکیل دیے جائیں جو صوبے کے وسائل میں اضافے اور مقامی معیشت کی مضبوطی کا سبب بنیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو فول پروف سیکیورٹی، سازگار کاروباری ماحول اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ ضلع حب کو صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کا ایک مضبوط مرکز بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں