کان کنوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ڈاکٹر حمیرا طارق / ثمینہ سعید

لاہور(پ ر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق اور ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر بلوچستان اسمبلی ثمینہ سعید نے کوئٹہ میں کوئلے کی کان میں میتھین گیس کے دھماکے کے نتیجے میں 40 کان کنوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ یہ المناک سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کے لیے انتہائی دردناک ہے۔ روزی روٹی کی تلاش میں اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے والے محنت کش کان کنوں کا اس طرح لقم? اجل بن جانا انتظامی غفلت اور حفاظتی اقدامات کے فقدان کی طرف توجہ دلاتا ہے۔انہوں نے جاں بحق کان کنوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔ زخمی ہونے والے افراد کو جلد اور مکمل صحت یابی نصیب فرمائے۔ڈاکٹر حمیرا طارق اور ثمینہ سعید نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے، متاثرہ خاندانوں کو فوری اور مناسب مالی امداد اور مستقل معاونت فراہم کی جائے، جبکہ بلوچستان سمیت ملک بھر کی کانوں میں بین الاقوامی معیار کے حفاظتی انتظامات، جدید حفاظتی آلات، گیس مانیٹرنگ سسٹم اور ہنگامی امدادی نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک سانحات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کی جانوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ حکومت کان کنی کے شعبے میں حفاظتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائے اور مزدوروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے مو¿ثر اور دیرپا اقدامات کرے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں