سونمیانی وندر(نمائندہ گوادر بزنس)وندر ندی کے حفاظتی بند کی تعمیر کے دوران سائیڈ نالے کو مکمل فعال نہ کیے جانے کے باعث مختلف گوٹھوں اور رہائشی علاقوں کا سیوریج کا گندا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا جس کے پیشِ نظر میونسپل کمیٹی وندر نے عوامی مسائل کے فوری تدارک کے لیے اقدامات کرتے ہوئے نالے کی صفائی اور نکاسی آب کی بحالی کا کام شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ، وائس چیئرمین عبدالحمید رونجہ، چیف آفیسر عبدالبصیر خان مندوخیل کی ہدایت پر سیکرٹری میونسپل کمیٹی وندر عنایت اللّٰہ راٹھوڑ کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی کا عملہ نالے کی صفائی ، مٹی ، کچرے ، جھاڑیوں اور دیگر رکاوٹوں کو ہٹانے میں مصروف ہے تاکہ سیوریج کے پانی کی روانی بحال ہو سکے اور مختلف گوٹھوں اور محلوں میں گندے پانی کے جمع ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی وندر امام بخش برہ، وائس چیئرمین عبدالحمید رونجہ، چیف آفیسر عبدالبصیر خان مندوخیل، سیکرٹری عنایت اللّٰہ راٹھوڑ کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی وندر محدود وسائل میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ منصوبوں کو مکمل اور پای? تکمیل تک پہنچائیں تاکہ بعد ازاں شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور دیگر اداروں پر اضافی بوجھ بھی نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وندر ندی کے حفاظتی بند کی تعمیر کے بعد سائیڈ نالے کو مکمل طور پر فعال نہ کیے جانے کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے میونسپل کمیٹی اپنی داریاں پوری تندہی سے ادا کر رہی ہے تاہم متعلقہ اداروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے نکاسی آب کے نظام کو مستقل بنیادوں پر فعال بنانا چاہیے تاکہ علاقہ مکینوں کو سیوریج کے گندے پانی ، بدبو اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی وندر عوامی فلاح و بہبود صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اپنی خدمات بلا تعطل جاری رکھے گی۔
وندر، نالے کی صفائی اور نکاسی آب کی بحالی کا کام شروع
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل