شہید پولیس کانسٹیبل محمد رفیق سیال کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

نصیر آباد( محمد یونس عمرانی)شہید پولیس کانسٹیبل محمد رفیق سیال کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ڈیرہ مراد جمالی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا، ڈی آئی جی نصیرآباد رینج، ایس ایس پیز، پولیس افسران اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکتنمازِ جنازہ میں ڈی آئی جی نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا، ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر، ایس ایس پی جعفرآباد محمد معروف عثمان، ایس پی ہائی وے خاوند بخش کھوسہ، ڈی ایس پی سٹی محمد شمن سولنگی، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نثار احمد بلوچ سمیت پولیس کے سینئر افسران، جوانوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ وطن کے اس بہادر سپوت کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہید کانسٹیبل محمد رفیق سیال کی فرض شناسی، جرات اور محکمہ پولیس کے لیے انجام دی گئی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداءکی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی اور ان کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں